فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں کروڑوں کے گھپلے

فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں کروڑوں کے گھپلے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں کرپٹ افسران و ملازمین اور ٹھیکیدار مافیا نے عوامی وسائل کے بے دریغ استعمال اور کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔۔۔

ادویات اور اشیاء کی خریداری اور ائیر کنڈشنرز کی مرمت سمیت دیگر مدوں میں کروڑوں کی مالی بد عنوانیاں سامنے آنے پر سی ایم آئی ٹی کو انکوائری کے لئے سفارشات بھجوا دی گئیں ذرائع کے مطابق سابقہ ادوار میں ایئر کنڈیشنرز کی مرمت، میڈیسن اور دیگر اشیاء کی خریداری میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے لوٹے گئے ۔ ایل پی (لوکل پرچیز) کی مد میں ادویات، صابن، ٹشوز اور دیگر سامان کی خریداری میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئی ہیں،موجودہ ایم ایس ڈاکٹر سہیل طارق کی جانب سے تمام ریکارڈ کی چھان بین شروع کرا دی گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ایم ایس نے سابقہ انتظامیہ کے خلاف ثبوتوں پر مشتمل ایک تفصیلی رپورٹ سیکریٹری ہیلتھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو ارسال کی، جس میں سابق ایم ایس اور ٹھیکیداروں کے گٹھ جوڑ سے کی گئی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔رپورٹ موصول ہونے پر محکمہ صحت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف ریکارڈ کی چھان بین کا حکم دیا بلکہ دیگر اضلاع سے اچھی شہرت کے حامل افسران اور اہلکاروں کو سرگودھا بھیجا گیا تاکہ وہ مالی امور، کلرکوں اور فنانس ڈپارٹمنٹ کے معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیں۔ محکمہ صحت کی ٹیم جلد اس انکوائری کی ابتدائی رپورٹ مکمل کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش کرے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں