شاہراہوں پر نصب ہیوی لوڈ روڈ لائٹس دن کے وقت بھی روشن

 شاہراہوں پر نصب ہیوی لوڈ روڈ لائٹس دن کے وقت بھی روشن

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)میونسپل کارپوریشن فیصل آباد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عملدرآمد کے نام پر سنجیدگی کا انوکھا مظاہرہ کرتے ہوئے۔۔۔

 شہر کی متعدد شاہراہوں پر نصب ہیوی لوڈ روڈ لائٹس دن کے اوقات میں بھی مسلسل روشن رکھنا معمول بنا لیا ہے ، جس کے باعث نہ صرف بجلی کا بے تحاشا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ سرکاری وسائل پر غیر ضروری بوجھ بھی بڑھتا جا رہا ہے ۔فیصل آباد کے اہم علاقوں کینال روڈ، سمندری روڈ، جیل روڈ، جھنگ روڈ، ڈی گراؤنڈ، سوساں روڈ سمیت کئی شاہراہوں پر لگائی گئی سٹریٹ لائٹس گزشتہ کئی روز سے دن کی روشنی میں بھی مسلسل چل رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق یہ صورتحال عملے کی ناقص منصوبہ بندی، غیر ذمہ داری یا غفلت کا نتیجہ ہے ، کیونکہ نہ تو لائٹس کو آٹومیٹک ٹائمر سے جوڑا گیا ہے اور نہ ہی کوئی مانیٹرنگ سسٹم موجود ہے ۔ دوسری جانب صورتحال کی سنگینی اس وقت دوچند ہو جاتی ہے جب یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ انہی علاقوں سمیت شہر بھر میں سینکڑوں سٹریٹ لائٹس ایسی بھی ہیں جو تاحال خراب پڑی ہیں ان علاقوں میں رات کے وقت گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے جس سے جرائم، حادثات اور خوف و ہراس میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں