پی ٹی آئی کی 5 اگست والی کال میں کوئی جان نہیں :کرم الٰہی بندیال
جوہرآباد (نمائندہ دُنیا )پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع خوشاب کے جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے ملک کرم الٰہی بندیال نے کہا ہے کہ۔۔۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی 5 اگست کی احتجاجی کال میں کوئی جان نہیں، یہ صرف حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ایک ناکام کوشش ہے ۔انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اصولوں پر قائم ہے اور کسی قسم کے پریشر میں آئے بغیر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی انقلابی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔ملک کرم الٰہی بندیال کا کہنا تھا کہ احتجاج کی کال دینے والے یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ قومی مجرم عمران خان کو نہ تو این آر او ملے گا اور نہ ہی ان کی جماعت کے ساتھ کسی ایشو پر کوئی ڈیل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے ۔اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنی جرات مندانہ جدوجہد جاری رکھے گی۔ پاکستان کے 25 کروڑ عوام مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کے اعتراف میں حکومت کی پشت پر کھڑے ہیں، اس لیے حکومت کو گرانا \"عمرانی ٹولے \" کے بس کی بات نہیں۔