حضرت امام حسینؓ کی قربانی انسانیت کے لئے مشعلِ راہ :سید نور اعوان
کالاباغ ( نمائندہ دنیا ) نواسہ رسول،ﷺ حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں جو عظیم قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے ۔۔۔
نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے کردار اورعمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اورانسانی اقدار کا تحفظ سکھایا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے ۔ ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے ۔شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم عقیدت و احترام سے 20 صفر 15اگست کو منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار ممبر امن کمیٹی کالاباغ و سابق کونسلر ملک سید نور اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ضلع میانوالی امن کا گہوارہ ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔