چینی گوداموں پر مجسٹریٹ تعینات کرنیکی وارننگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود کی زیر صدارت چینی کی طلب و رسد سے متعلق اجلاس میں ملز مالکان اور۔۔
ڈیلرز کو سخت پیغام دیا گیا کہ مصنوعی قلت اور زائد نرخ کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع کی چاروں شوگر ملز کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اے ڈی سی آر نے واضح کیا کہ دیہی علاقوں میں مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری اور بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ملز مالکان کو ہدایت کی گئی کہ شاہپور اور سرگودہا تحصیلوں میں فوری طور پر چینی کی سپلائی بڑھائیں، بصورت دیگر ان کے گوداموں پر پولیس اور پرائس مجسٹریٹ تعینات کر دیے جائیں گے اور کسی قسم کی مزاحمت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پہلے اپنے ضلع اور تحصیل کی ضروریات پوری کی جائیں، اس کے بعد دیگر اضلاع کو سپلائی دی جائے ۔ سپلائی گیپ ختم کرنے کے لیے ہدایت دی گئی کہ چھٹی کے روز ایک دن پہلے ڈبل سپلائی مارکیٹ میں پہنچائی جائے ۔ بیکرز کو چینی کی کمی پر بھی ملز انتظامیہ کو فوری میکنزم بنا کر ترجیحی بنیادوں پر چینی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ اے ڈی سی آر نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔