دودھ اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ، نان ، روٹی ، بیکری آئٹمز مہنگی کرنے کی تیاریاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہراور گردونواح میں انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث انڈے ،دودھ سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ، دودھ فروشوں نے دودھ کی قیمت میں 5 سے 10 روپے تک کا اضافہ کردیا۔۔۔
اسی طرح انڈے کی فی درجن قیمت میں 30روپے تک اضافہ ہو چکا ہے ،جبکہ دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے آٹا،میدے کی بڑھتی ہوئی قیمت روٹی اور نان کی قیمتوں کو متاثر کرنے لگی ہے ، جس پر بیکرز و نان بائی شاپس مالکان نے بھی روٹی،نان اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے ، اس حوالے سے نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شیخ ایوب الٰہی و سیکرٹری شیخ یاسر اکبر کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشترکہ چیلنج ہے جس کا نان بائی سے وابستہ کاروباری افرادکوسامنا ہے فلور ملز کی جانب سے بے جااضافہ نے ہمیں فاقہ کشی پر مجبور کردیا گزشتہ چند ایام میں میدہ کی بوری چھ ہزار سے بڑھ کر نوہزار روپے تک پہنچ چکی ہیں لیکن روٹی ونان کے پنجاب حکومت کے مقرر کردہ نرخ پر نان نہیں بیچ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی حکام میدے کی قیمت پر قابو نہ پارہی جبکہ پسا ہو طبقہ نان بائیوں کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ انکے مقررکردہ نرخ پر فروخت کریں انہوں نے مطالبہ کیا روٹی بیس روپے اور نان کا ریٹ تیس روپے مقرر کیا جائے تاکہ نان بائی ایسویسی ایشن اپنے اہل خانہ کا پیٹ پال سکے ۔