سبزیاں، دالیں اور گوشت مہنگے، ٹماٹر 600 روپے کلو فروخت، عوام پریشان

 سبزیاں، دالیں اور گوشت مہنگے، ٹماٹر 600 روپے کلو فروخت، عوام پریشان

ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 160روپے کلو،ادر ک 800،لہسن 600،آلو اور پیاز 120روپے کلو فروخت ،بھنڈی،کریلا، شملہ مہنگی ،مافیا کو نکیل ڈالنے تک قیمتوں میں استحکام نہیں آئیگا،دکاندار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) دیگر شہروں کی طرح سرگودھا میں بھی ہر نیا دن اشیاء ضروریہ بالخصوص سبزیوں کے نرخوں میں اضافہ کا پیغام لا رہا ہے ، شہر میں سبزیوں کی قیمتیں آسمانوں سے بات کر رہی ہیں تو دالیں اور گوشت بھی عام صارفین کی قوت خرید سے باہر ہیں،کوئی بھی سبزی ایسی نہیں جو سستی دستیا ب ہو، ٹماٹر اس سال کی بلند ترین سطح چھ سو روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ سرکاری نرخوں میں اس کی قیمت 160فی کلو درج ہے ، اسی طرح ادرک آٹھ سو روپے ، لہسن چھ سو روپے کلو، آلو اور پیاز 120روپے ،اگر بھنڈی،کریلا، شملہ اور دیگر سبزیاں بھی اڑھائی سو سے چار سو روپے فی کلو تک دستیا ب ہیں۔

جس کی وجہ سے شہری اوراس کے ساتھ ساتھ دوکاندار بھی پریشان ہیں،دوسری طرف ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد صرف سرکاری ریکارڈ کو بہتر ظاہر کرنے تک محدود ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ نے ریٹ لسٹیں روزانہ کی بنیاد پر صوبائی حکومت کو بھجوانا ہوتی ہیں اس لئے ان میں ریٹس انتہائی کم ظاہر کئے جاتے ہیں تاکہ حکام بالا یہی سمجھیں کہ سب اچھا ہے ،جبکہ انتظامیہ کی کاروائیاں بھی بے سود ہو چکی ہیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف ایکشن اور انہیں فعال کرنے کے اعلانات کر کے خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے ، دوکانداروں کا کہنا ہے کہ کمیشن ایجنٹ، مارکیٹ کمیٹی مافیا کو نکیل ڈالنے سے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام آ سکتا ہے جبکہ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کم کرے تاکہ عام صارف کو ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں