تاریخی نڑواڑی گارڈن کے بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیاگیا
قدرتی مناظر،ماحولیاتی خوبصورتی کو محفوظ رکھنا انتظامیہ کی پہلی ذمہ داری گارڈن خوشاب اور سون ویلی کی خوبصورتی کا پہلا سنگ میل ہے ،کمشنر
خوشاب(نمائندہ دُنیا )کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے خوشاب میں سون ویلی روڈ پر واقع تاریخی نڑواڑی گارڈن کے بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، محکمہ جنگلات، ہائی وے ، ضلع کونسل کے افسران، معزز شہریوں، سیاحوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی ۔ افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر سرگودہا نے کہا کہ نڑواڑی گارڈن خوشاب اور سون ویلی کی خوبصورتی کا پہلا سنگ میل ہے ۔ سون ویلی قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے جہاں اوچھالی جھیل، کھبکی جھیل، کنہٹی گارڈن، جھریاں اور وادی کے سبز پہاڑ سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ان تمام قدرتی مقامات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ سیاحوں کو بہتر ماحول، سکیورٹی اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی مناظر اور ماحولیاتی خوبصورتی ہمارے خطے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں محفوظ رکھنا اور سیاحت کے فروغ کے لیے استعمال کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔اس موقع پر خوشاب کے معروف تاریخ دان امتیاز حسین امتیاز نے کمشنر جہانزیب اعوان کو خوشاب کی تاریخ پر اپنی تصنیف بطور تحفہ پیش کی۔