سود کی عدم ادائیگی پر اغوا 4سالہ بچی خیبر پختونحوا سے بازیاب
سفینہ زینب کو اغوا کر کے ضلعی لکی منتقل کیا گیا ، بحفاظت والدین کے حوالے
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا)ڈی پی او بھکر ملک شہزاد رفیق اعوان کی ہدایت پر پولیس کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں کلورکوٹ سے سود کی عدم ادائیگی پر اغوا کی جانے والی چار سالہ بچی سفینہ زینب کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی سے بازیاب کرا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بچی کو پیسوں کے لین دین کے تنازعے پر اغوا کیا گیا تھا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کے پی کے پولیس کی معاونت سے کامیاب آپریشن کیا اور بچی کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا،اس آپریشن میں ڈی ایس پی کلورکوٹ ظفر اقبال کلیار، انچارج سی سی ڈی ملک عبد الستار کھچی سمیت دیگر افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا۔بچی کے والد ملک امیر زمان اور اہلِ علاقہ نے بچی کی بازیابی پر ڈی پی او بھکر سمیت تمام پولیس افسروں کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کی بروقت کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے ۔