5807زرعی ٹیکس نادہندگان،کروڑوں کے واجبات کی وصولی چیلنج بن گئی
ضلع سرگودھا کے 3 ہزار508، میانوالی کے 834 ، بھکرکے 917اور خوشاب کے 548 نادہندگان ، 19کروڑ 85لاکھ واجب الادا:ایف بی آر کی چھان بین کے بعد ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا ڈویژن میں ایگریکلچر انکم ٹیکس کے واجبات کی وصولی کے حوالے سے عملدرآمد نہ ہوسکا، ایف بی آر کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق 5807نادہندگا ن سے کروڑوں روپے کے واجبات کی وصولی چیلنج بن کر رہ گئی ،ایف بی آر نے اعلی سطح چھان بین کے بعد ایک رپورٹ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کی تھی جس کے مطابق ضلع سرگودھا کے 3 ہزار508، میانوالی کے 834بھکر کے 917اور خوشاب کے 548 نادہندگان کئی سالوں سے زرعی انکم ٹیکس ادا نہیں کر رہے اور ان کے ذمہ مجموعی طور پر19کروڑ 85لاکھ روپے کے واجبات کی عدم وصولی سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے ، ذرائع کے مطابق ابتداء میں اس حوالے سے اقدامات تو ضرور اٹھائے گئے مگر چند روز بعد ہی کاروائی ٹھپ ہو گئی ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ریونیو، زراعت اور محکمانہ انہار کے مابین باہمی تعاون نہ ہونے کی وجہ سے نادہندگان کی ایک بڑی تعداد کو ٹریس ہی نہیں کیا جا سکا ،اور خطیر واجبات کی وصولی ایک چیلنج بن کر رہ گئی ہے ، جس پر ڈپٹی سیکرٹری ریکوری بورڈ آف ریونیو پنجاب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ ترجیح بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے بصورت دیگر محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔