125ریٹائرڈ ملازمین دوسال کی پنشن،واجبات سے محروم

125ریٹائرڈ ملازمین دوسال کی پنشن،واجبات سے محروم

بلدیاتی اداروں کے شعبہ ہیلتھ سے محکمہ صحت اتھارٹی میں ضم ملازم خوارپنشن ،واجبات فنڈز کسی اور جگہ استعمال،افسروں کیخلاف ایکشن نہ ہوسکا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں بلدیاتی اداروں کے شعبہ ہیلتھ سے محکمہ صحت اتھارٹی میں ضم ہونے والے 125 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو دوسال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال پنشن اور بقایاجات کی ادائیگی نہیں کی گئی اور وہ صوبائی و ضلعی دفاتر میں شٹل کاک بن کر رہ گئے ہیں،ذرائع کے مطابق یہ ریٹائرڈ ملازمین پہلے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل سرگودھا کے شعبہ ہیلتھ سے وابستہ تھے ۔ محکمہ صحت میں انضمام کے بعد ان کے پنشن اور دیگر واجبات کے لیے فنڈز جاری تو کیے گئے ، مگر مبینہ طور پر محکمہ صحت کے بعض کرپٹ افسران نے ان فنڈز کو کورنا کی سابقہ ادائیگیوں اور دیگر غیر ضروری خریداریوں کے لیے استعمال کر لیا، فنڈز کے غلط استعمال کے ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔عمر فاروق، محمد جمیل، محمد یوسف، احمد سعید، اظہر محمود، ربنواز، محبوب الہی ، ریاض الحق، کوثر پروین، مہری بی بی و دیگر متاثرین نے وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پنشن اور بقایاجات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں