نیو سیٹلائٹ ٹاؤن میں پبلک پارک 10 روز میں مکمل کرنیکا ٹاسک
واکنگ ٹریک، جھولے ، بیٹھنے کے مقامات، لان، لائٹس معیاری فراہم کئے جائیںکمشنر کا پبلک پارک کی سائٹ کا بھی معائنہ ،فوری ترقیاتی کام شروع کرنیکی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے پی ایچ اے حکام کو نیو سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک ایکس کے پبلک پارک کا کام دن رات شروع کرتے ہوئے دس دنوں کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک دیدیا،انہوں نے کہا کہ پارک شہریوں کے لیے ایک مثالی تفریحی مقام کے طور پر تیار کیا جائے جہاں واکنگ ٹریک، جھولے ، بیٹھنے کے مقامات، لان، لائٹس، پودے ، بنچز اور دیگر تمام سہولیات معیاری انداز میں فراہم کی جائیں۔
یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز بلاک ایکس پبلک پارک کی سائٹ کے اچانک دورے کے دوران جاری کیں۔ کمشنر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ایم ڈی پی ایچ اے محمد ارشد بھی موجود تھے ۔کمشنر نے کہا کہ منصوبے کے آغاز کے ساتھ ہی کام کی رفتار تیز رکھی جائے ،انہوں نے ہدایت کی کہ رات کے وقت روشنیوں کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے اور روزانہ کی پیش رفت کی تصویری رپورٹ واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کی جائے ۔جہانزیب اعوان نے اس موقع پر نیو سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک وائی میں مجوزہ پبلک پارک کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور پی ایچ اے کو ہدایت دی کہ وہاں بھی فوری طور پر ترقیاتی کام شروع کیا جائے۔