ناقص میٹریل سے تیار ٹریفک سگنلز خراب ، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان
پی ٹی آئی دور میں انکوائری شروع ہوئی لیکن سیاسی عدم استحکام میں معاملات دب گئے ،بحالی کی کوششیں ناکام،ایڈیشنل فنڈز بھی ضائع،شہر میں چلنے والا آخری ٹریفک سگنلز کی ’’ بتیاں بھی گل ‘‘ہو گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر میں چلنے والے واحد ٹریفک سگنل بھی بند ہو گیا جبکہ یہ منصوبہ قومی خزانے کے ضیاع کا سبب بن کر رہ گیا ہے ، ذرائع کے مطابق شہر میں 11مختلف مقامات پر سابقہ ادوار میں ٹریفک سگنلز لگائے گئے تھے ، جن میں ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے یہ سگنلز کچھ عرصہ بعد ہی غیر فعال ہو گئے ، اس حوالے سے پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران باضابطہ طور پر تحقیقات بھی شروع ہوئیں تاہم کروڑو ں روپے خرچ کئے جانے کے اس معاملہ پر سیاسی عدم استحکام کے باعث کوئی پیش رفت نہ ہو سکی اور معاملات دبا دیئے گئے ، جبکہ ٹریفک سگنلز کی بحالی کے حوالے سے متعدد مرتبہ کوششیں کی جاچکی ہے۔
جس پر ایڈیشنل فنڈز بھی صرف کئے گئے مگر نتیجہ صفر نکلا، موجودہ انتظامیہ کی جانب سے بھی ان سگنلز کی بحالی کیلئے بلند و بانگ دعوے کئے گئے مگر عملدرآمد کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف کلب چوک والا سگنل فعال کرنے کے بعد چپ سادھ لی گئی اورعدم توجہی کی وجہ سے بالآخر چالو ٹریفک سگنل بھی بند ہو گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک سگنلز کی بحالی کیلئے کم از کم ڈیڑھ کروڑ روپے درکار ہے مگر حکومت اس حوالے سے ایک پیسہ بھی دینے کو تیار نہیں، جبکہ سگنلز کی عدم بحالی کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل روزباروز سنگین صورتحال اختیار کرتے جا رہے ہیں ، شہریوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔