گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں نئی میڈیسن آ گئی
11 کروڑ70 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی ادویات ،80فیصد ادویات دستیاب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں 11 کروڑ70 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی نئی میڈیسن پہنچا دی گئی۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد شہباز نے بتایا کہاس بڑے میڈیکل سپلائی پیکج میں مختلف امراض کے علاج کے لیے درکار بنیادی سے لے کر خصوصی نوعیت کی ادویات شامل ہیں جس کے بعد ہسپتال میں 80 فیصد تک ادویات کی دستیابی یقینی ہو گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 بڑے ٹرکوں پر مشتمل میڈیسن سپلائی گزشتہ روز ہسپتال کے اسٹور میں جمع کر دی گئی جس کے بعد او پی ڈی، ایمرجنسی اور وارڈز میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کا نظام مزید بہتر ہو گیا ہے ۔
گزشتہ کئی ماہ سے مریضوں کو درپیش ادویات کی قلت کا مسئلہ اب بڑی حد تک ختم ہو گیا ہے جبکہ اسپتال میں اب زیادہ تر میڈیسن بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہیں۔میڈیکل سپریڈینٹن ڈاکٹر محمد شہباز کے مطابق یہ سپلائی ہسپتال میں علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے ۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادویات کی دستیابی سے ان کا مالی بوجھ کم ہوا ہے اور علاج میں آسانی پیدا ہوئی ہے ۔