کھلے گٹر کور کرنے، ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

کھلے گٹر کور کرنے، ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

اسسٹنٹ کمشنرز ہسپتالوں کے اچانک دورے کریں،صفائی بہتر کروائیں،ڈاکٹر مریضوں کو باہر کی دوا تجویز نہ کریں،سڑکوں پر لائن مارکنگ،زیبراکراسنگ کے احکاماتفیسکو حکام کو لٹکی ہوئی تاروں کو فوری درست کرنے کی ہدایت ،سیوریج کے مسائل کی فوری نشاندہی ،کھڑے پانی کے نکاس کو یقینی بنایاجائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود کی زیر صدارت ڈی سی آفس سرگودہا کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر بلایا گیا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختلف محکموں کے افسران، ایم ڈی واسا ابوبکر عمر، پی ایچ اے ، ہائی وے اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اے ڈی سی آر فہد محمود نے ہدایت کی کہ تمام مین ہولز فوری طور پر کور کیے جائیں اور کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے ۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مین ہولز کور نہ ہونے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے۔

ایم ڈی واسا کو سیوریج کے مسائل کی فوری نشاندہی اور کھڑے پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہسپتالوں کے صبح یا شام اچانک دورے کرنے اور یہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی کہ ڈاکٹر مریضوں کو باہر کی دوا تجویز نہ کریں۔ ہسپتالوں میں واش رومز اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے ، ادویات کے اسٹورز کی باقاعدہ انسپکشن، سڑکوں پر لائن مارکنگ کی درستگی، اسکولوں کے سامنے زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سکیورٹی کے دیگر امور پر بھی واضح احکامات جاری کیے گئے ۔ پی ایچ اے کو تمام پارکس کی حالت بہتر بنانے ، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کو موثر بنانے اور گرین بیلٹس کو پارکنگ کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ، اے ڈی سی آر نے کہا کہ شادی ہالز کے اوقات کار اور ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔ فیسکو حکام کو لٹکی ہوئی تاروں کو فوری درست کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں