یونین کونسلوں میں بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب شروع

یونین  کونسلوں  میں  بائیو  میٹرک  مشینوں  کی  تنصیب  شروع

189یونین کونسلوں میں چیک اینڈ بیلنس بڑھانے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے آن لائن سسٹم اپ گریڈ ،سیکرٹریز کی دفاتر میں حاضری یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

سرگودھا(نعیم فیصل سے )ضلع کی 186 یونین کونسلوں میں چیک اینڈ بیلنس بڑھانے اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے تمام امور کے آن لائن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ کونسل دفاتر میں بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب شروع کر دی گئی، ذرائع کے مطابق یونین کونسل دفاتر میں رجسٹریشن کے معاملات کو شفاف اور سیکرٹریز کی دفاتر میں ہمہ وقت موجودگی یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،تاکہ بوگس اور جعلی رجسٹریشنز کے ساتھ ساتھ سائلین کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے ،اس سلسلہ میں نادرہ اور ایف آئی ٹی بی کے مشترکہ پروگرام کے تحت پیدائش و اموات،نکاح نامہ، طلاق اور دیگر امور کی سرٹیفکیشن کے عمل کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا اور ضلع کے تمام 186یونین کونسل دفاتر میں بائیو میٹرک مشینیں نصب ہونگی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر بابر شہزاد رانجھا کو فوکل پرسن مقرر کر کے نگرانی جبکہ آئی ٹی کے متعلقہ شعبوں کو جلدا ز جد بائیو میٹرک مشینیں نصب اور سسٹم اپ گریڈ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا کے مطابق محکمہ میں خود احتسابی کے عمل کو مزید سخت کرنے ،بوگس اور جعلی سرٹیفکیٹ کی روک تھام کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں ،اس ماہ کے آخر تک آن لائن سسٹم اورچیک اینڈ بیلنس کی اپ گریڈیشن مکمل ہو جائے گی ، جس سے جعلی رجسٹریشنز اور سائلین کی شکایات کے مکمل خاتمہ میں مدد ملے گی، نکاح رجسٹرار زاور یونین سیکرٹریز و دیگر عملے کی دستیابی یقینی بنایا جا سکے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں