14 ارب کے میگا سیوریج پراجیکٹ پرکام کا آغاز، بارش کا پانی سٹور ہوگا، 3 ذخائر بنائے جائینگے
6 لاکھ فٹ نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی،14ڈسپوزلز میں سے 7کو ختم کر کے 2نئے ڈسپوزل تعمیر کیے جائیں گے ،شہر کو دو زونز میں تقسیم کر کے مرحلہ وار کام شروع کر دیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرگودھا شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل کے حل کے لیے 14 ارب روپے کے میگا سیوریج پراجیکٹ پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ،اس سلسلے میں کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ سلانوالی روڈ ڈسپوزل، کمپنی باغ اور جناح کالونی میں تین مختلف مقامات کا دورہ کیا اور منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 20 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت شہر بھر میں 6 لاکھ فٹ نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی جو مجموعی طور پر تقریباً 180 کلومیٹر بنتی ہے ۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے کمپنی باغ،
بلاک نمبر 31 اور رحمت العالمین پارک میں تین جدید پانی کے ذخائز(سٹوریج ٹینکس) تعمیر کیے جائیں گے ، جہاں سے بعد ازاں پی ایچ اے پانی حاصل کرے گا۔ شہر کے موجودہ 14 ڈسپوزلز میں سے 7 کو ختم کر کے 2 نئے ڈسپوزل تعمیر کیے جائیں گے ۔ اس طرح مجموعی طور پر 9 جدید ڈسپوزلز کے ذریعے شہر کا سیوریج سسٹم چلایا جائے گا۔ ہر سٹوریج ٹینک میں 10 سے 15 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی۔ منصوبے کے تحت 72 انچ سے 12 انچ تک کے جدید سیوریج پائپ بچھائے جائیں گے ۔ شہر کو دو زونز میں تقسیم کر کے مرحلہ وار کام شروع کر دیا گیا ہے ۔کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے کہا کہ یہ منصوبہ سرگودھا کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو گا اور کئی دہائیوں سے چلے آ رہے سیوریج مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے گا۔