ڈی سی کی دکانوں پر ایک ہی ڈیزائن کے بورڈ لگانے کی ہدایت
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے بیوٹی فکیشن پلان کے حوالہ سے جناح گیٹ،بانو بازار اور اندورنی بازاروں کا اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین کے ہمراہ تفصیلی دورہ کیا۔
انہوں نے بازاروں میں صفائی ستھرائی، ٹریفک کے نظم و ضبط اوربازاروں کیلئے مزید بہتری کے امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے اس ضمن میں دوکاندار حضرات بھی ضلعی انتظامیہ کو بھرپور معاونت فراہم کریں اور کوڑا کرکٹ جگہ جگہ ہرگز مت پھینکیں تاکہ شہریوں اور خریداروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے بازاروں میں ایک ہی طرز اور ایک جیسی اونچائی کے مطابق سائن بورڈز آویزاں کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خریداروں اور شہریوں کی سہولت کے لیے بازاروں میں منظم ٹریفک کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے غیر ضروری تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے واضح رکھے جائیں۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین نے بازاروں میں جاری انتظامی اقدامات بارے ڈپٹی کمشنر کو موقع پر بریفنگ دی اور اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ جاری کردہ احکامات پر کماحقہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔