شرمپ اسٹیٹ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سرگودہا میں جدید خطوط پر شرمپ اسٹیٹ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز کر دیا گیا،
اس سلسلے میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ان کے کمیٹی روم میں پہلا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری محکمہ فشریز و آبی زراعت پنجاب راؤ محمد سلیم افضل نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا ابو بکر، محکمہ فشریز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سرگودہا میں شرمپ اسٹیٹ ود ویلیو چین کمپوننٹس کے قیام سے متعلق تمام اہم پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ منصوبہ تحصیل سرگودھا میں شروع کیا جا رہا ہے ، جس کی مجموعی لاگت 13 ارب روپے ہے ، جبکہ منصوبے کی مدت 2025-26 سے 2027-28 تک ہوگی۔ شرمپ اسٹیٹ کے لیے زمین کی دستیابی، خریداری کے طریقہ کار، انفراسٹرکچر، یوٹیلیٹیز اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری فشریز راؤ محمد سلیم افضل نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ یہ منصوبہ وزیرِ اعلیٰ کی براہِ راست دلچسپی کا حامل ہے اور اس کا مقصد صوبے میں بلیو اکانومی کو فروغ دینا، جدید آبی زراعت کو متعارف کرانا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیم زدہ اور بنجر علاقوں کو کارآمد بنانے کے لیے شرمپ فارمنگ ایک مؤثر ماڈل ہے ، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ کسانوں کی آمدن میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔