تحصیلوں میں خصوصی سستے کرسمس بازار قائم کر دئیے گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں ضلع کی تمام تحصیلوں میں مسیحی برادری کے لیے کرسمس کے موقع پر خصوصی سستے کرسمس بازار قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں اشیائے ضروریہ مناسب اور رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔
اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل کی نگرانی میں یونیورسٹی روڈ پر واقع ماڈل بازار میں بھی کرسمس بازار سجایا گیا ہے ، جہاں اشیائے خوردونوش، ملبوسات، جوتے ، جیولری اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء معیاری اور مناسب قیمتوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ بازار 25 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت مسیحی بھائی بہنوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ کرسمس کے موقع پر بازاروں کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے جبکہ سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور کرسمس کی تقریبات پورے ضلع میں پرامن اور خوشگوار ماحول میں جاری ہیں۔