دل کے مریضوں کو مفت ادویات گھر پہنچانے کا فیصلہ

دل کے مریضوں کو مفت ادویات گھر پہنچانے کا  فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی پروگرام مفت دوا آپ کی دہلیز کے حوالے سے اجلاس ، ادویات کی پہلی کھیپ باقاعدہ طور پر پاکستان پوسٹ کے حکام کے حوالے کر دی گئی نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منصوبے کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کیلئے پاکستان پوسٹ کے کردار اور اس کی عملی ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی پروگرام مفت دوا آپ کی دہلیز تک کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں اس منصوبے کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے پاکستان پوسٹ کے کردار اور اس محکمہ کی عملی ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف گورنرز میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کی، جبکہ ممبر بورڈ آف گورنرز کرنل افتخار الحسن، سی ای او پروفیسر ڈاکٹر محمد وارث فاروقہ، فارماسسٹ محمد ثنا اﷲ بھی شریک ہوئے ۔ پاکستان پوسٹ کی نمائندگی حافظ عبدالماجد اور فیصل نے کی، جبکہ متعلقہ شعبوں کے دیگر افسران و عملے نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب کے اس انقلابی پروگرام کے تحت دل کے مریضوں کے لیے ادویات سرگودھا ڈویژن اور اس سے ملحقہ اضلاع کے مریضوں کو ان کی دہلیز تک مفت فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں ادویات کی پہلی کھیپ باقاعدہ طور پر پاکستان پوسٹ کے حکام کے حوالے بھی کر دی گئی تاکہ ترسیل کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا سکے ۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ عوام دوست پروگرام مریضوں کو گھروں تک بروقت اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائے گا، جس سے نہ صرف علاج میں سہولت ملے گی بلکہ سرکاری ہسپتالوں پر دباؤ بھی کم ہوگا۔ شرکاء نے منصوبے کو شفاف، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا مزید براں سیکرٹری محلمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر پنجاب عظمت محمود اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اس منصوبہ کی براہ راست سربراہی کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں