ڈی سی بھکر کا پیرافورس میں بھرتی انتظامات کا جائزہ
انفورسمنٹ اور انویسٹی گیشن آفیسر ز بھرتی کرنے کا عمل شفاف ہونا چاہئے امیدوار کی اہلیت اور فٹنس ناگزیر ،ہرگز کمپرومائز نہیں کیا جائیگا،احسان جمالی
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے میلہ گراؤنڈ میں پیرا فورس کے انفورسمنٹ آفیسر اور انویسٹی گیشن آفیسر کی بھرتیوں کے سلسلہ میں امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ اور اس سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو، اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین رضا،انچارج پیرا فورس مہرسجاد احمد،پولیس افسران اور متعلقہ آفیسرز بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے فزیکل ٹیسٹس کے لیے بنائے گئیٹریک، سیکیورٹی انتظامات،میڈیکل سہولیات، امیدواروں کے اندراج،حاضری اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کے پورے عمل میں شفافیت،میرٹ اور نظم و ضبط کو ہرصورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پیرا فورس میں بھرتی کیلئے امیدوار کی اہلیت اور فٹنس ناگزیر ہے جس پر ہرگز کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ترجیح ہے اس ضمن میں بھرتیوں کے عمل کو خصوصی طور پر میرٹ پر مکمل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پیرا فورس کے انفورسمنٹ آفیسر اور انویسٹی گیشن آفیسر کے امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ 5 جنوری سے 7جنوری تک میلہ گراؤنڈ بھکر میں جاری رہیں گے ۔