ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں 10 بیڈز پر مشتمل جدید آئی سی یو وارڈ قائم
رحمت اللعالمین بلاک میں قائم وارڈ میں انتہائی نگہداشت کے مریضوں کیلئے تمام ضروری اور جدید طبی سہولیات فراہم ، پرانے آئی سی یو وارڈ میں مریضوں کے بڑھتے دباؤ میں واضح کمی آئے گی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کے رحمت اللعالمین بلاک میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 10 بیڈز پر مشتمل جدید خصوصی آئی سی یو وارڈ قائم کر دیا گیا ہے جہاں انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے لیے تمام ضروری اور جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اس نئے آئی سی یو کے قیام سے پرانے آئی سی یو وارڈ پر مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ میں واضح کمی آئے گی اور مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج کی سہولت میسر ہو سکے گی، اس منصوبے کے قیام میں پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج ڈاکٹر وارث فاروقہ اور ایم ایس ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر محمد شہباز نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے بھرپور کردار ادا کیا جن کی انتھک محنت سے یہ منصوبہ قلیل مدت میں مکمل ہوا، شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے حکومت پنجاب اور ہسپتال انتظامیہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سرگودھا اور گردونواح کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جبکہ اب مریضوں کو بڑے شہروں کے مہنگے ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، اس موقع پر ڈاکٹر محمد شہباز نے کہا کہ نیا آئی سی یو مریضوں کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور میڈیکل اسٹاف کو مزید بہتر انداز میں خدمات سرانجام دینے کا موقع فراہم کرے گا، پرنسپل ڈاکٹر وارث فاروقہ نے اس پیش رفت کو حکومت پنجاب کے صحت سے متعلق وڑن کا عملی مظہر قرار دیا۔