چھوٹے پن بجلی گھر لگانے کا منصوبہ لٹک گیا فائلیں الماریوں میں بند کردی گئیں
چھوٹے پن بجلی گھر لگانے کا منصوبہ لٹک گیا فائلیں الماریوں میں بند کردی گئیںلڈے والا اور جھال چکیاں کے نہری پلوں کیلئے منصوبہ ،40میگاواٹ سستی بجلی سرگودھا سٹی اور 200سے زائد دیہاتوں کو فراہم کی جانی تھی ،منصوبہ رواں یا اگلے مالی سال میں بھی شروع ناممکن
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) لڈے والا اور جھال چکیاں کے نہری پلوں پر چھوٹے پن بجلی گھر لگانے کا منصوبہ حکومتی عدم توجہی کے باعث رواں مالی سال میں بھی شروع ہوتا دکھائی نہیں دے رہا،اور فنڈز کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے اب اس منصوبہ کی فائلیں الماریوں کی زینت بن کر رہ گئی ہیں،ذرائع کے مطابق اعلی ٰسطح ٹیم نے جائزہ لینے کے بعد حکومت پنجاب کو رپورٹ پیش کی تھی کہ اگر حکومت اجازت اور وسائل فراہم کرے تو ان مقامات پر چھوٹے پن بجلی گھر قائم کئے جا سکتے ہیں جن سے 40 میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہو سکے گی جس سے سرگودھا سٹی اور200سے زائد دیہاتوں کو انتہائی کم قیمت پر بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے ’ یہاں تک کہ اس کی ساڑھے چار سال کی آمدن سے منصوبے پر خرچ آنے والی رقم واپس کرنے کی پلاننگ بھی بنائی جا چکی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس زیر التواء منصوبے سے آگاہ کرنے پر صوبائی قیادت نے فنڈز اور وسائل کی عدم دستیابی کے باعث مزید پیش رفت سے معذرت کر لی ہے ، منصوبہ رواں یا اگلے مالی سال میں بھی شروع ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔