فیکٹری ایریا پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر قاتل پکڑ لیا
فیکٹری ایریا پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر قاتل پکڑ لیا 2 جنوری کو تیز دھار آلے سے شہری کو مارا،پہلے بھی چار قتلوں میں ملوث
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے ایک اندھے قتل کا سراغ لگا کر مقتول کے دوست کو گرفتار کر لیا، جو پہلے بھی چار قتلوں کا مرتکب ہو چکا ہے ۔ 2 جنوری 2026کو فیکٹری ایریا پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک نامعلوم شخص زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ ابتدائی معائنہ میں مقتول کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات ملے ، جو ظاہر کرتے ہیں کہ اسے کسی تیز دھار آلے سے شدید ضربات لگائے گئے چونکہ قاتل اور مقتول دونوں نامعلوم تھے ، اس لیے پولیس کیلئے تفتیش ایک چیلنج تھی۔ واقعے کے حوالے سے نامعلوم ملزمان کیخلاف 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش جاری رکھی گئی۔ پولیس نے جدید و روائتی طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے تحقیقات مکمل کیں اور قاتل کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم پر متعدد قتلوں کے سنگین الزامات ہیں۔ ڈی پی او صہیب اشرف نے کہا کہ ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلائی جائیگی اور مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائیگا۔