شہر میں پارکنگ سٹینڈ بنانے کا پروگرام ناقص منصوبہ بندی کی نذر ٹریفک نظام متاثر
انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے صورتحال بہتر نہیں ہو پا رہی،پارکنگ منصوبہ نے مشکلات میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں دیا،معاملات پر نظر ثانی کی جائے اور بہتر منصوبہ بندی اپنائی جائے :شہری
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)شہر میں پارکنگ سٹینڈ بنانے کا پروگرام ناقص منصوبہ بندی کی بھینٹ چڑھ گیا ہے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ بھی مطلوبہ نتائج فراہم نہیں کر سکا۔ اس کے باعث ٹریفک اور شہریوں کی آمد و رفت میں پہلے کی نسبت اضافہ ہو گیا ہے ۔شہر کے لگ بھگ تمام بازاروں میں سڑکوں کے اطراف پارکنگ اسٹینڈ قائم کر کے ٹھیکے پر دینے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا ہے ۔ ٹھیکیدار کی من مانی اور مناسب چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے غیر قانونی پارکنگ تو معمول رہی، اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد بھی آمد و رفت کے راستے محدود رہنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے صورتحال بہتر نہیں ہو پا رہی۔ پارکنگ منصوبہ نے مشکلات میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں دیا، اور شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ کے معاملات پر نظر ثانی کی جائے اور بہتر منصوبہ بندی اپنائی جائے ۔