مڈھ رانجھا میں بوسیدہ لائنیں، گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا
ترسیلی نظام کی ناقص حالت کے باعث تھوڑی سی موسمی خرابی پر ہی فیڈر ٹرپبوسیدہ لائنوں اور پولز کی مرمت و تبدیلی، درختوں کی شاخوں کی کٹائی کا مطالبہ
مڈھ رانجھا (نمائندہ دنیا)مڈھ رانجھا اور گردونواح میں بجلی کی بوسیدہ تاریں اور خستہ حال پول عوام کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن گئے ہیں۔ معمولی سی ہوا چلنے یا بارش ہونے پر بجلی کا ترسیلی نظام کئی کئی گھنٹوں کے لیے معطل ہو جانا معمول بن چکا ہے ۔ گزشتہ روز بھی بارش کے بعد مڈھ رانجھا فیڈر پر 12 گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی بند رہی جس کے باعث گھریلو صارفین، تاجروں اور طلبہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مڈھ رانجھا فیڈر کو فیسکو کوٹ مومن سب ڈویژن کی جانب سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے ، تاہم بجلی کے ترسیلی نظام کی ناقص حالت کے باعث تھوڑی سی موسمی خرابی پر ہی فیڈر ٹرپ کر جاتا ہے ۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بیشتر مقامات پر بجلی کی تاریں اور پول سڑکوں کے بجائے زرعی زمینوں میں نصب ہیں، جہاں درختوں کی شاخیں تاروں سے ٹکراتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے بار بار فالٹ اور ٹرپنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے فیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مڈھ رانجھا فیڈر کی بوسیدہ لائنوں اور پولز کی فوری مرمت و تبدیلی کی جائے ، درختوں کی شاخوں کی کٹائی کروائی جائے اور بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو اس مستقل اذیت سے نجات مل سکے ۔