سب انسپکٹر موٹروے پولیس لاہور میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق
کامران مانک کی ، پپلاں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین،سلامی پیش کی گئی نمازِ جنازہ میں موٹروے ،میانوالی پولیس کے افسروںو اہلکاروں کی بھی شرکت
کندیاں (نمائندہ دنیا )لاہور میں ٹریفک حادثے میں موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر کامران مانک جاں بحق ہو گئے ،ان کو آبائی علاقے پپلاں، چک نمبر 1 ایم ایل میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ میں موٹروے پولیس اور میانوالی پولیس کے افسران و اہلکاروں، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد میانوالی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر موٹروے پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔فضا سوگوار رہی اور لواحقین کی آہوں اور سسکیوں کے درمیان شہید کو سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تقریب میں شہید کامران مانک کی فرض شناسی، جرات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔