ویگنوں میں سلنڈرز،دو ڈرائیوروں کیخلاف مقدمات درج
ویگنوں میں سلنڈرز،دو ڈرائیوروں کیخلاف مقدمات درج چیکنگ کے دوران نذر محمد کی گاڑی بند کر دی گئی ،محمد کاشف کو گرفتار کر لیا
شاہ پور صدر (نامہ نگار)پولیس نے ویگنوں میں غیر معیاری اور خطرناک ایل پی جی سلنڈر نصب کرنے پر دو ڈرائیوروں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ جھاوریاں نہر پل کے قریب ناکہ بندی کیے ہوئے تھی کہ ایک ویگن کو روک کر چیک کیا گیا، جسے نذر محمد چلا رہا تھا۔ دوران تلاشی ویگن کی پچھلی سیٹوں کے نیچے غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر نصب پایا گیا۔ پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔دوسری کارروائی میں پٹرولنگ پولیس چک نمبر 67 شمالی نے دوران چیکنگ ایک ویگن کو روک کر تلاشی لی، جس میں سیٹوں کے نیچے ایل پی جی سلنڈر برآمد ہوا۔ پولیس نے ڈرائیور محمد کاشف کو گرفتار کر کے تھانہ شاہ پور میں مقدمہ درج کر دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر عوامی جان و مال کے لیے شدید خطرہ ہیں۔