مجاہد کالونی ، نیو ملت پارک کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم
دونوں آبادیوں کی درمیانی مین سڑک اور ملحقہ گلیاں انتہائی خستہ حالی کا شکار تعفن کی فضاء ،سیوریج کاخستہ حال نظام کا مسئلہ بھی کئی سالوں سے حل طلب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکام کی عدم توجہی کے باعث جڑواں پسماندہ آبادیوں مجاہد کالونی اور نیو ملت پارک کے لوگ عرصہ سے بنیادی سہولیات سے محروم چلے آ رہے ہیں، ارکان اسمبلی بھی علاقہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے لگے گزشتہ پانچ سالوں میں مکینوں کی طرف سے دی گئی تمام درخواستوں اور دوہائیوں کے باوجود ترقیاتی بجٹ نہ مل سکا،دونوں آبادیوں کی درمیانی مین سڑک اور ملحقہ گلیاں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو کر لوگوں کیلئے دوہری مشکلات اور حادثات کا سبب بنی ہوئی ہیں ہر جگہ تعفن کی فضاء سے لوگوں کو سانس لینا محال ہے ۔ سیوریج کاخستہ حال نظام کا مسئلہ بھی کئی سالوں سے حل طلب ہے ،مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پچاس کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے سیوریج کی مین پائپ لائنیں ڈالی گئیں مگر مناسب حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی اور یہی نہیں سڑک کے فنڈز کسی اور منصوبہ میں لگا دیئے گئے اس حوالے سے اہل علاقہ دفاتر میں چکر لگا لگا کر عاجز آ چکے ہیں مگر شنوائی نہیں ہو رہی ، حالیہ بارش کی وجہ سے پوری سڑک پر کیچڑ اور پانی کی بھرمار کی وجہ سے آمد ورفت معطل ہو کر رہ گئی ہے ، صحت و صفائی کی سہولیات نہ ہونے کے باعث 50 فیصد لوگ پیٹ کی انتڑیوں میں سوزش اور یرقان کے مرض میں مبتلاء ہیں ، کس کے پاس اپنی فریاد لیکر جائیں، ارکان اسمبلی ،ضلعی و تحصیل انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا گیا مگر کوئی کچھ نہیں کرتا جس سے حالات روزباروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، انہوں نے ڈویژنل کمشنر سے اصلاح و احوال کی اپیل کی ہے ۔