بیوٹیفیکیشن ،پانی، سیوریج نظام کی بہتری ضروری :شہری
بیوٹیفیکیشن ،پانی، سیوریج نظام کی بہتری ضروری :شہری پروگرام کا آغاز سجاوٹ نہیں،پانی اور سیوریج سسٹم کی بحالی سے کیا جائے
خوشاب (نمائندہ دُنیا)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے بیوٹیفیکیشن پروگرام کے تحت شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے اقدامات جاری ہیں، مگر عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کے مسائل حل کیے بغیر یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ضلع خوشاب کے دونوں جڑواں شہروں میں تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ عوامی بنیادی مسائل پر توجہ ناگزیر ہے ، کیونکہ شہری علاقوں کی خوبصورتی کا دارومدار بنیادی سہولیات کی دستیابی پر ہے ۔عوامی حلقوں کے مطابق ضلعی صدر مقام جوہر آباد میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ایک سنگین مسئلہ ہے جبکہ سیوریج سسٹم کی خرابی کے باعث شہر میں گٹر ابل رہے ہیں۔ گلیوں، بازاروں، چوکوں اور چوراہوں پر کھڑا سیوریج کا گندہ پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے ، تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہا ہے اور گاہکوں کی آمد کم ہو گئی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بیوٹیفیکیشن پروگرام کا آغاز صرف لائٹنگ اور سجاوٹ سے نہیں بلکہ پہلے پانی اور سیوریج سسٹم کی بحالی سے کیا جائے ۔