ضلع بھر میں 1400سے زائدحساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ
عبادت گاہیں، دربار، اہم دفاتر، ریلوے ، سوئی گیس و بجلی کی انسٹالیشنز، بینک، ہوٹل، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز شامل ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ممکنہ سکیورٹی خدشات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلع بھر میں حساس قرار د یئے گئے 1400 سے زائد نجی اور سرکاری مقامات و املاک کے سکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے عملدرآمد نہ کروانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور ٹاسک جلد مکمل کرنے کے سخت احکامات جاری کر د یئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ مقامات میں عبادت گاہیں، دربار، اہم دفاتر، ریلوے ، سوئی گیس و بجلی کی انسٹالیشنز، بینک، ہوٹل، تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز شامل ہیں۔ سرکل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر تحصیل سکیورٹی ایڈوائزر کمیٹیوں کے اجلاس بلائیں اور متعلقہ شعبوں کی مدد سے والنرایبل پوائنٹس کے حفاظتی انتظامات نیشنل ایکشن پلان کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر چیک کروائیں۔ سکیورٹی نقائص کو دور کرنے کیلئے نوٹسز جاری کیے جائیں اور عملدرآمد نہ کروانے پر متعلقہ افراد، انتظامیہ، منیجرز یا مالکان کے خلاف حسب ضابطہ مقدمات درج کر کے مفصل رپورٹ جلد از جلد ارسال کی جائے ۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں توقف ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔