ٹرانسپورٹ اڈوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے سخت اقدامات
ٹرانسپورٹ اڈوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے سخت اقداماتسٹینڈز کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک بہاؤ میں تعطل معمول ،سی سی ٹی وی کیمرے نصب
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سکیورٹی سرویلنس کے ذرائع کے مطابق جنرل بس سٹینڈ سمیت دیگر نجی ٹرانسپورٹ اڈوں کے حفاظتی اقدامات کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ متعدد بار احکامات کے باوجود جنرل بس سٹینڈ، 47 اڈا اور خوشاب روڈ پر نوری گیٹ کے قریب واقع ٹرانسپورٹ اڈوں کے سکیورٹی انتظامات ایس او پیز کے مطابق نہیں ہیں۔ مختلف رکاوٹوں اور ٹریفک نظام میں خلل کی وجہ سے صورتحال انتہائی مخدوش ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ اڈوں میں مسافروں اور سامان کی چیکنگ کا کوئی منظم نظام نہیں، سٹینڈز کے باہر گاڑیوں کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک بہاؤ میں تعطل معمول ہے ، اور سکیورٹی اہلکاروں و آلات کی کمی کے ساتھ کئی حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں، ٹرانسپورٹ اڈوں میں اور اطراف جابجا کھڑی ریڑھیاں بھی مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔اس صورتحال میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا اندیشہ ظاہر کیا گیا، جس پر ڈویژنل حکام نے ڈپٹی کمشنرز کو فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔