کندیاں:مرکزی انجمن تاجران کا الیکشن متنازعہ، نئی ووٹر لسٹ کے بعد دوبارہ کرانے کا فیصلہ
کندیاں (نمائندہ دنیا)کندیاں کے دکانداروں کی درخواست پر مرکزی انجمن تاجران کندیاں کا الیکشن متنازعہ قرار دے دیا گیا ہے اور نئی ووٹر لسٹ کی تیاری کے بعد دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مرکزی انجمن تاجران کی متفقہ باڈی سلیکٹ کرنے کے خلاف دکاندار حاجی فیض محمد فوجی ارائیں نے ضلعی صدر انجمن تاجران میانوالی کو تحریری درخواست دی، جس میں الیکشن کو غیر آئینی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سلیکٹ باڈی کو کالعدم قرار دینے اور نئے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔درخواست پر ضلعی صدر انجمن تاجران حاجی عطائاللہ خان شہباز خیل نے الیکشن پراسس سے متعلق تفصیلی مشاورت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ الیکشن سے قبل نئی ووٹر لسٹ کی تیاری ناگزیر ہے ۔
بعد ازاں الیکشن کمیٹی کے اراکین حاجی ملک احسن کلیار اور مظہر نیازی سے باہمی مشاورت کے بعد کندیاں مین بازار کی مرکزی انجمن تاجران کے نئے الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔فیصلے کے مطابق، نئی ووٹر لسٹ مرتب کی جائے گی اور الیکشن کا تمام عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دکانداروں کی نئی ووٹر لسٹ بنانے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔