دائودخیل میں نوجوان کو تشدد کر کے قتل کر دیا گیا

دائودخیل میں نوجوان کو تشدد کر کے قتل کر دیا گیا

ڈیرہ گل خان شیبے خیل سے لاش برآمد، راولپنڈی سے لانے والے پر شبہ

دائودخیل (نمائندہ دُنیا) دائودخیل کے علاقہ ڈیرہ گل خان شیبے خیل میں ایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس کو 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ڈیرہ گل خان شیبے خیل کے مقام پر ایک نامعلوم 16 سالہ نوجوان کی لاش پڑی ہے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں لاش کی ظاہری حالت سے واضح ہوا کہ نوجوان کو شدید تشدد کے بعد قتل کیا گیا ہے ۔واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی سرکل دائودخیل اسد خان اور ڈی پی او میانوالی کیپٹن (ر) رائے محمد اجمل بھی موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے آر ایچ سی دائودخیل منتقل کر دیا۔اہلِ علاقہ کے مطابق مراد علی، جو اس وقت راولپنڈی میں مقیم ہے ، مقتول کو اپنے چند نامعلوم دوستوں کے ہمراہ کسی کام کے بہانے راولپنڈی سے یہاں لایا تھا۔ پولیس کو قوی شبہ ہے کہ مراد علی اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا۔پولیس نے شبہ کی بنیاد پر اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں