ضلع سرگودھا میں 56 رمضان نگہبان دسترخوان قیام ہونگے
مریم نواز کے مہمان پروگرام کے تحت بھیرہ میں آٹھ مقامات پر افطاری کا انتظام
بھیرہ (نامہ نگار) حکومت پنجاب کے فلاحی پروگرامرمضان نگہبان دسترخوان مریم کے مہمان کے تحت ضلع سرگودھا بھر میں 56 مقامات پر رمضان دسترخوان قائم کیے جائیں گے ۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کامران حیدر نے صحافیوںسے ملاقات کے دوران بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی جانب سے رمضان دسترخوان کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کیلئے دسترخوان قائم کیے جائیں، جہاں ہر مقام پر کم از کم 250 افراد کیلئے افطاری اور کھانے کا انتظام ہوگا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ عشنہ طاہر نے بتایا کہ تحصیل بھیرہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس پروگرام کے تحت 8 مقامات پر رمضان دسترخوان قائم کیے جائیں گے ۔ ان مقامات میں موٹر وے انٹرچینج نارتھ، موٹر وے انٹرچینج ساؤتھ، لاری اڈہ بھیرہ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ، ملتانی گیٹ سبزی منڈی، میونسپل کمیٹی بھیرہ، سبزی منڈی میانی اور آر ایچ سی میانی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان دسترخوانوں کا مقصد مستحق اور مسافر روزہ داروں کو باعزت انداز میں معیاری افطاری اور کھانے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی بھی روزہ دار سہولت سے محروم نہ رہے ۔