چک 126 جنوبی زہریلا ڈیم ٹوٹنے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم
46 اڈا (راشد نظامی)پہاڑی چک نمبر 126 جنوبی میں زہریلے پانی کے غیرقانونی طور پر بنائے گئے ڈیم کا بند ٹوٹنے کے سنگین واقعہ پر سیکرٹری مائنز پنجاب پرویز اقبال نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، سات دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چک نمبر 126 جنوبی میں لیز ہولڈرز کی جانب سے زہریلے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے محکمہ واپڈا کے تقریباً 20 ایکڑ سرکاری رقبہ پر خاکہ اور مٹی مکس بجر سے ناقص اور غیرقانونی ڈیم تعمیر کیا گیا تھا، جس کا بند ٹوٹنے سے قریبی زرعی اراضی اور کسانوں کو شدید نقصان پہنچا۔واقعہ کے بعد تھانہ سلانوالی پولیس نے محکمہ مائنز کے ایک نان ٹیکنیکل کلرک کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ اس امر نے محکمہ مائنز سرگودھا کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں، کیونکہ ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز سرگودھا کی سیٹ گزشتہ آٹھ ماہ سے خالی ہے۔
جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر ٹیکنیکل افسران کی موجودگی کے باوجود جونیئر کلرک کو مدعی بنانا حیران کن قرار دیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ مائنز کی جانب سے تھانہ میں جمع کروائی گئی درخواست پر لیزوں پر مقدمہ درج کروایا گیا اور انہیں شاملِ تفتیش کیا گیا، جسے لیز ہولڈرز اور محکمہ مائنز کی مبینہ ملی بھگت قرار دیا جا رہا ہے ۔تحصیلدار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زہریلا پانی ذخیرہ کرنے والے متعلقہ لیز ہولڈرز کے پلانٹس سیل کر دیے ہیں، متاثرہ کسانوں اور عوامی حلقوں نے کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری مائنز اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔