چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے صوبائی سطح کے راؤنڈ تھری کا آغاز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام تیسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے صوبائی سطح کے راؤنڈ تھری کا آغاز سرگودھا میں ہوگیا۔ افتتاحی روز چار میچز کھیلے گئے ۔
مقابلے اسٹرو ٹرف ہاکی گراؤنڈ، میلہ منڈی روڈ میں منعقد رہے ہیں۔افتتاحی میچ میں ملتان اور گوجرانوالہ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ دونوں ٹیموں نے بھرپور کھیل پیش کیا اور مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا، دوسرے میچ میں لاہور نے راولپنڈی کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6-1 سے واضح کامیابی حاصل کی۔ تیسرے میچ میں فیصل آباد کی ٹیم نے ڈی جی خان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9-0 سے شکست دی۔ دن کے آخری میچ میں میزبان سرگودھا نے ساہیوال کے خلاف بہترین ٹیم ورک اور جارحانہ کھیل پیش کیا اور 5-0 سے فتح اپنے نام کی۔