گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں فن فیئر
گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں فن فیئر طالبات نے ہاتھ سے تیار کردہ آرٹ ورک،پینٹنگز، دستکاری کے اسٹالز لگائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کیلئے فن فیئر کا انعقاد کیا گیا۔فن فیئرمیں طالبات نے ہاتھ سے تیار کردہ آرٹ ورک،پینٹنگز، دستکاری، فیشن آئٹمز اور دیگر تخلیقی کاموں کے اسٹالز لگائے جنہیں شرکاء نے بے حدسراہا۔کالج کی پرنسپل صفانہ شاہین نے فن فیئر کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے طالبات کی محنت اور تخلیقی سوچ کی تعریف کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی اور تخلیقی پروگرام طالبات میں خود اعتمادی، عملی مہارتوں اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔فن فیئرمیں اساتذہ،طالبات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس طرح کے مزید پروگراموں کے انعقاد کی خواہش کااظہار کیا۔ ۔کالج انتظامیہ کے مطابق فن فیئر کا مقصد طالبات کو اپنی صلاحیتیں عملی طور پر پیش کرنے کاموقع فراہم کرنا تھاجس میں وہ کامیاب رہیں۔