شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی مشن جاری
شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی مشن جاری ڈپٹی کمشنر نے ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری اور صفائی کا جائزہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے سرگودھا کی تحصیل سلانوالی شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام،بیوٹیفکیشن پراجیکٹ، ماڈل ریہڑی بازار، فیملی پارک، آراضی ریکارڈ سنٹر، تحصیل ھیڈکوارٹرہسپتال، اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی مشن جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مقامی ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد منور غوٹ کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری اور صفائی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مریضوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔جس پر مریضوں نے طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور طبی سہولیات میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔۔انہوں نے سلانوالی میں ریلوے ٹریک کے ساتھ تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔