غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کے فیز 2 اور 3 کے مالکان کیخلاف مقدمہ درج
ہاؤسنگ سکیم میں منظوری حاصل کئے بغیر ترقیاتی کام اور پلاٹوں کی خرید و فروخت شروع کر کے شہریوں سے سہولیات کے نام پر دھوکہ دہی کی جا رہی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)انتظامیہ نے شہر سے ملحقہ وسیع رقبے پر غیر قانونی طور پر قائم ہونیوالی ہاؤسنگ سکیم کے فیز 2اور 3کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے املاک کو سیل کر دیا، ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ سکیم میں منظوری حاصل کئے بغیر ترقیاتی کام اور پلاٹوں کی خرید و فروخت شروع کر کے شریف شہریوں سے سہولیات کے نام پر دھوکہ دہی کی جا رہی ہے ، مالکا ن جن میں مقصود انجم و دیگر شامل ہیں کو قبل ازیں متعدد مرتبہ نوٹسز بھی جاری کئے گئے مگر اس کے باوجود وہ قانون شکنی سے باز نہیں آئے اور نہ ہی ہاؤسنگ سکیموں کو قوائد و ضوابط مطابق منظور کروایا ،یہی نہیں دوران چیکنگ ہاؤسنگ سکیم میں سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی کھدائیاں کر کے جگہ جگہ گہرے گڑھے پائے گئے جہاں کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں تھے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا بھی خدشہ ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ تو درج کر لیا گیا مگر تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔