دیہی علاقوں میں صفائی کا عمل جاری رکھا جائے ،ڈپٹی کمشنر بھکر
دیہی علاقوں میں صفائی کا عمل جاری رکھا جائے ،ڈپٹی کمشنر بھکر ہربستی، ہرگلی اور ہر عوامی مقام پر صفائی کے معیارات یکساں طور پر برقرار رہیں
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیرِ صدارت ضلع میں جاری ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو اور اسسٹنٹ کمشنر بھکر غلام محی الدین رضا سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے خصوصی احکامات جاری کیے گئے کہ شہروں کیساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور کسی بھی گاؤں یا آبادی کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ صفائی کا نظام بلا تفریق اور مساوی بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ ہربستی، ہرگلی اور ہر عوامی مقام پر صفائی کے معیارات یکساں طور پر برقرار رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ صفائی کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور متعلقہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ کی کڑی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آ سکے ۔