قیمتوں کو یقینی بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح، کمشنر
شہر کی اہم شاہراہوں پر ہارٹیکلچر اتھارٹی کی خصوصی لائٹنگ اور سجاوٹ کا معائنہ کیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ رات گئے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کے تفصیلی دورے کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے جاری کردہ رمضان ہدایات کے تناظر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے شہر کی اہم شاہراہوں پر ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے کی گئی خصوصی لائٹنگ اور سجاوٹ کا معائنہ کیا۔
بائی پاس، باب سرگودھا اور جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کرتے ہوئے صفائی، روشنی اور مسافروں کے لیے سہولیات کو چیک کیا۔ انہوں نے رمضان دسترخوان کے لیے مختص مقامات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ افطار کے وقت مستحق افراد کو باعزت اور منظم انداز میں سہولت فراہم کی جائے ۔ دورے کے دوران کمشنر نے شہریوں اور مسافروں سے براہ راست بات چیت کی اور انتظامات سے متعلق رائے لی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان میں ریلیف اقدامات صرف اعلانات تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ عملی طور پر نظر بھی آنے چاہئیں۔بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ماڈل بازار میں قائم رمضان بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا۔
خریداروں سے قیمتوں کے فرق اور دستیابی کے بارے میں پوچھا جبکہ دکانداروں سے اوقات کار اور سپلائی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر ایک شہری نے ماڈل بازار اسٹینڈ پر زائد کرایہ وصولی کی شکایت کی جس پر کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری اور کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں ناجائز منافع خوری یا زائد وصولی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں، سہولت بازاروں اور دسترخوانوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے ، قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ اور شکایات کے ازالے کے لیے فوری نظام فعال رکھا جائے ۔ اس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی، اے ڈی مارکیٹ کمیٹی اور سیکرٹری آر ٹی اے بھی ہمراہ تھے ۔