کینٹ کے علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس کو فعال کر دیا گیا

کینٹ کے علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس کو فعال کر دیا گیا

صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے عوام کے تعاون سے تمام غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کو فعال کیا جائے گا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کنٹونمنٹ بورڈ سرگودھا کے ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر کی ہدایات پر کینٹ کے مختلف علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس کو فعال بنانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں چیمہ کالونی گلی نمبر 4 میں قائم فلٹریشن پلانٹ کو مخیر شخصیت محمد اشرف کی خصوصی مالی معاونت سے مرمت کے بعد دوبارہ فعال کر دیا گیا،فلٹریشن پلانٹ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر نے فیتہ کاٹ کر پلانٹ کا افتتاح کیا اور پانی پی کر اس کے معیاری اور صاف ہونے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ اس موقع پر علاقہ کے سابق ممبر راجہ شہزاد سمیت معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارسلان حیدر کا کہنا تھا کہ صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور عوام کے تعاون سے تمام غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کو مرحلہ وار فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے مخیر حضرات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد اشرف کی معاونت قابلِ تحسین ہے اور دیگر صاحبِ استطاعت افراد کو بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔

ایگزیکٹو آفیسر نے مزید اعلان کیا کہ علاقے میں ماحول کی بہتری کے لیے \\\"گرین سبیل\\\" پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک درخت لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف ماحول کی ضمانت بھی ہے ،انہوں نے بتایا کہ سیوریج کے جاری میگا پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد علاقے کی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔،تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے فلٹریشن پلانٹ کی بحالی پر کنٹونمنٹ بورڈ اور مخیر شخصیت کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں