109جنوبی میں بااثر افراد نے محنت کش خاندان کا جینا محال کر دیا
109جنوبی میں بااثر افراد نے محنت کش خاندان کا جینا محال کر دیا، مقدمات درج کروانے پر مقامی پولیس ساز باز کر کے صلح پر مجبور کرنے لگیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)109جنوبی میں بااثر افراد نے محنت کش خاندان کا جینا محال کر دیا، مقدمات درج کروانے پر مقامی پولیس ساز باز کر کے دباؤ ڈالنے کیلئے متاثرین کے خلاف ہی مبینہ طور پر من گھڑت مقدمات درج کر کے صلح پر مجبور کرنے لگیں، اور مظلوموں کا ساتھ دینے پر علاقے کے نمبر دار کو بھی مقدمہ میں پھنسا دیا، انصاف اور تحفظ کے حصول کیلئے پولیس دفاتر میں ذلیل و خوار ہونے والی متاثرہ خاندان کی خواتین دنیا فورم پہنچ گئیں متاثرہ اعجاز اور ریاض کی والدہ کنیز بی بی اور ان کی بیویوں نے دنیا فورم میں بتایا کہ علاقے کے قمر چدھڑ اور اسکے ساتھیوں نے علاقہ میں اجارہ داری قائم کرنے کیلئے غریب خاندانوں کا جینا محال کر رکھا ہے ، آئے روز فائرنگ ، تشدد اور غنڈہ گردی کے واقعات پر مقدمات درج کروانے اور ویڈیو ثبوت کے باوجود پولیس ان کی مکمل سرپرستی کر تی ہے ۔
متاثرین کو چپ کروانے کیلئے پہلے ان کا مقدمہ درج کر لیا جاتا ہے اور بعدازاں بے گنا ہ قرار دینے کیلئے مدعیوں کو صلح کے لئے مجبور کیا جا تا ہے ، ہمارے ساتھ گلی میں نالی نکالنے پر ملزمان نے جھگڑا شروع کیا اور چھ مرتبہ مار پیٹ کر چکے ہیں ، خواتین کے سامنے برہنہ ہو کر ان کی عفت دری کی گئی ، جس پر مقدمات درج کرنے کی پاداش میں پولیس نے ملزمان سے ساز باز کر کے مظلوم خاندان پر ہی دو جھوٹے مقدمات درج کر لئے ستم ظریفی یہ ہے کہ ان مقدمات میں علاقے کے باریش نمبر دار کو بھی مظلوموں کا ساتھ دینے اور آواز اٹھانے پر نامزد کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی پی او کے سامنے مقدس کتاب کے ساتھ پیش ہو کر ثبوت بھی دیئے مگر اس کے باوجود پولیس صلح پر مجبور کر رہی ہے اور مزید جھوٹے مقدمات میں الجھانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، خواتین نے وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب سے تحفظ اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔