غیر منظور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تشہیر پر دفعات شامل کرنیکا فیصلہ
مالکان نے غیر قانونی اقدامات جاری رکھے تو دفاتر کو بلڈوز بھی کردیا جائیگا، حکام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع کے بلدیاتی اداروں کی حدود میں غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں،ٹاؤنز اور کالونیز مالکان کے خلاف منظوری لیے بغیر پلاٹوں کی غیر قانونی فروخت، ترقیاتی کام جاری رکھنے سمیت تشہیر کرنے پر ان کے خلاف مقدمات کے اندراج میں دفعہ 154،سی آر پی سی 1848کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے مالکان نے قوانین کو بالائے طارق رکھتے ہوئے ای لیٹر(ڈی پی ڈی سی کی فائنل منظوری) سے قبل ہی پلاٹوں کی فروخت اور تشہیر پابندی کے باوجود شروع کر رکھی تھی ، اس حوالے سے نیب اور ایف آئی اے حکام بھی سکروٹنی کے دوران پلاٹوں کی فروخت اور تشہیر پر پابندی عائد کر چکے ہیں، اس کے باوجود عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعے لوٹ مار کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
اس ضمن میں گزشتہ 15روزکے دوران 10سے زائد غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تشہیری بورڈ اکھاڑ کر جاری ترقیاتی کام بندکروا دیئے گئے ، اس کے ساتھ ساتھ مقدمات کا اندراج بھی عمل میں لایا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں دفعات کا اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ درج کروائے گئے مقدمات میں یہ پہلے سے ہی شامل کی جائیں گی ۔معلوم ہوا ہے کہ اب بھی تحصیل سرگودھا کی 32،سلانوالی اور بھلوال کی 5,5جبکہ بھیرہ، ساہی وال اور شاہ پور کی 4,4ہاؤسنگ سکیمیں جنہیں غیر قانونی قرار دیا جا چکا ہے مگر اب بھی ان میں فائل سسٹم کے ذریعے فائلوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ، جس پر ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کاروائی کا دائرہ کارجلد وسیع کیا جائے گا اور مقدمات کے باوجود ان غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان نے غیر قانونی اقدامات جاری رکھے تو ان کے دفاتر کو بلڈوز بھی کردیا جائے گا۔