کانسٹیبل کے قتل میں ملوث دواشتہاری پولیس مقابلے میں زخمی
کانسٹیبل کے قتل میں ملوث دواشتہاری پولیس مقابلے میں زخمی پولیس نے چھاپہ ماراتو فائرنگ کر دی جوابی کارروائی پر زخمی ہو گئے ، ہسپتال منتقل
داؤدخیل(نماندہ دنیا)تھانہ بانگی خیل کی حدود میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان مقابلہ میں دو اشتہاری زخمی ہو گئے ۔تھانہ داود خیل کے شہید کانسٹیبل حماد کے مقدمہ میں نامزد اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تھانہ بانگی خیل پولیس نے جب اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان کی جانب سے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔تھانہ بانگی خیل پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جنہیں طبی امداد کے لیے کالاباغ منتقل کر دیا گیا، جبکہ دیگر ملزمان فرار ہو گئے ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم ہیں۔تھانہ بانگی خیل پولیس کی جرات، فرض شناسی اور امن و امان کے قیام کے لیے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ شہید کانسٹیبل حماد کی قربانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔