لیبر کالونی سیاسی شعبدہ بازیوں کے باعث فعال نہ ہو سکی
لیبر کالونی سیاسی شعبدہ بازیوں کے باعث فعال نہ ہو سکی پلاٹوں کی الاٹ منٹس بھی ہوئی مگر ترقیاتی کام نہ ہو سکے ، ایکشن کا مطالبہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) لاہور روڈ پر 91 جنوبی بھٹیاں کے مقام پر سابقہ ادوار میں قائم ہونیوالی لیبر کالونی بیورو کریسی کی غلام گردشوں اور سیاسی شعبدہ بازیوں کے باعث فعال نہ ہو سکی اور کروڑوں روپے لگانے کے بعد اسے ایسے ہی چھوڑ دیا گیا ، ذرائع کے مطابق سابقہ ادوار میں یہاں حکومت کی جانب سے مزدوروں کو سستے گھر دینے کا اعلان کرتے ہوئے خطیر فنڈز سے چار دیواری کی گئی اور پلاٹوں کی الاٹ منٹس بھی ہوئی مگر ترقیاتی کام نہ ہو سکے اور سیاسی عدم استحکام کے باعث حالیہ تین حکومتیں اس جانب کوئی توجہ نہ دے سکیں اور نہ ہی مقامی رہنماؤں اور افسران کو اس جانب کوئی خیال آیا، اس وقت تک لیبر کالونی میں کروڑوں روپے لگائے جا چکے ہیں مگر وہ بھی ضائع ہوتے دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ خستہ حال چار دیواری اور دیگر املاک کی ٹوٹ پھوٹ کا عمل تیزی سے جاری ہے ،جبکہ لیبر کالونی کی جگہ پر غیر قانونی قبضے کئے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ، تاہم اس حوالے سے معاملات کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے ،مزدوروں کا کہنا ہے کہ ان کا کوئی پرسان حال نہیں، لیبر کالونی کے حوالے سے کوئی بھی کچھ بتانے کو تیار نہیں ، اور نہ ہی مستقبل کی کوئی منصوبہ بندی سامنے آ رہی ہے جس کے باعث مایوس ہو کر رہ گئے ہیں انہوں نے ارباب اختیار سے متذکرہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے ۔