واسا کے 14 ارب کے میگا منصوبوں کا معیار بہتر رکھنے کا حکم
واسا کے 14 ارب کے میگا منصوبوں کا معیار بہتر رکھنے کا حکم کمشنر سرگودھا ڈویژن نے میگا پراجیکٹس کا مختلف مقامات پر معائنہ بھی کیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے وزیر اعلیٰ کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں جاری واسا کے تقریباً 14 ارب روپے مالیت کے میگا پراجیکٹس کا مختلف مقامات پر معائنہ کیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر نے بلاک نمبر 31 میں بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے زیر تعمیر اسٹوریج ٹینک اور ڈرین کا معائنہ کیا اور جاری کام پر بریفنگ لی۔ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ بلاک 31 اور 32 سمیت قریبی آٹھ بلاکس میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا سنگین مسئلہ رہا تھا۔
اس منصوبے کے تحت نہ صرف نئی ڈرین تعمیر کی جا رہی ہے بلکہ بارشی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے اسٹوریج پوائنٹس بھی بنائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جا سکے ۔کمشنر نے جناح کالونی میں واسا کے زیر تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کی سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن 31 مئی مقرر کی گئی ہے ، جبکہ ڈسپوزل کو فعال بنانے کے لیے اس کے ساتھ منسلک سیوریج لائن کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے ۔کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے اور کام کی رفتار، معیار اور مقررہ مدت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی اقدام ہے جس کا مقصد شہریوں کو بہتر نکاسی آب کا نظام فراہم کرنا اور مسائل کا دیرپا حل فراہم کرنا ہے ۔اس موقع پر ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ایم او میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔