پارکنگ مافیا کی کھلی غنڈہ گردی، شہریوں کو لوٹ مار کا سامنا

 پارکنگ مافیا کی کھلی غنڈہ گردی، شہریوں کو لوٹ مار کا سامنا

پارکنگ مافیا کی کھلی غنڈہ گردی، شہریوں کو لوٹ مار کا سامنا انتظامیہ اور ٹریفک پولیس تماشائی ، اہم شاہراہیں قبضہ ما فیا کے حوالے :جماعت اسلامی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، میاں طاہر ایوب اور میاں انوار الحق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہر میں پارکنگ کے نام پر کھلی غنڈہ گردی اور منظم لوٹ مار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ بازاروں، ہسپتالوں، عدالتوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کے باہر پارکنگ مافیا من مانے اور غیر قانونی چارجز وصول کر رہا ہے جبکہ انتظامیہ اور ٹریفک پولیس تماشائی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور پارکنگ مافیا سرکاری چھتری تلے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے ۔ شہر کی اہم شاہراہیں پارکنگ کے ٹھیکوں کے نام پر قبضہ مافیا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد پارکنگ کمپنی کا فوری آڈٹ کروا کر رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ پارکنگ فیسوں سے حاصل ہونے والی رقم کہاں خرچ ہو رہی ہے اور شہریوں کو اس کے بدلے کون سی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بلڈنگ لاز پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کیا جائے تو سڑکوں پر پارکنگ کی ضرورت ہی ختم ہو جائے ۔ ہر عمارت کے اندر پارکنگ پلازہ لازمی قرار دیا جانا چاہیے ۔ ضلع کچہری کے چاروں اطراف سڑکوں پر پارکنگ ختم کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارکنگ مافیا کے خلاف فوری اور بھرپور آپریشن کیا جائے ، غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز بند کیے جائیں، ذمہ دار افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کے لیے پارکنگ کو مفت کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں